ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / منگلورو اوراڈپی میں پیش آئے کار کے شیشے توڑ کر قیمتی سامان چرانے کے واقعات

منگلورو اوراڈپی میں پیش آئے کار کے شیشے توڑ کر قیمتی سامان چرانے کے واقعات

Wed, 27 Nov 2019 12:28:00    S.O. News Service

منگلورو 27/نومبر (ایس ا و نیوز) مینگلور کے قلب شہر  جیوتی سرکل اور ہمپن کٹّا کے قریب پارک کی گئی کاروں کے شیشے توڑ کر اس کے اندر سے قیمتی سامان چرانے کے دووالگ الگ واقعات پیش آئے ہیں۔

 پہلا واقعہ ہمپن کٹا کے منی ودھان سودھا کے قریب پیش آیا۔جہاں پر منگل صبح گیارہ بجے کار پارک کی گئی تھی۔ شام کو کار کا مالک جب واپس آیا تو دیکھا کہ کار کا شیشہ ٹوٹا ہواتھا۔ کار کاجائزہ لینے پر پتہ چلا کہ اندر رکھی ہوئی بیگ سے کپڑے چوری کیے گئے ہیں۔ اس کی مالیت کا اندازہ پانچ ہزار روپے لگایا گیا ہے۔ پانڈیشورپولیس اسٹیشن میں کیس درج کرلیا گیا ہے۔

 دوسرا واقعہ جیوتی سرکل سے ہمپن کٹا کی طر ف آنے والے راستے پر واقع ایک ہوٹل کے باہر پیش آیا جہاں پارک کی گئی کارکے  شیشہ کو توڑ کر اندر رکھا ہوا لیپ ٹاپ اڑا لیا گیا ہے۔اس ضمن میں بندر پولیس اسٹیشن میں کیس درج کرلیا گیا ہے۔

اس کے علاوہ منگلورو بلال باغ کے پاس ایک اندرونی گلی میں رات کے وقت پید ل جارہی ایک خاتون کے گلے سے سونے کی چین اڑالے جانے کا واقعہ بھی پیش آیا ہے۔اطلاع کے مطابق اسکوٹر پر آنے والے نوجوان کے ذریعے چھینے گئے سونے کی چین کا وزن8 گرام بتایاجاتا ہے۔ برکے پولیس اسٹیشن میں اس تعلق سے شکایت درج کردی گئی ہے۔

 اسی طرح پڑوسی ضلع  اڈپی میں شام کے وقت ایک دکان کے باہر پارک کی گئی کار کے پچھلے دروازے کا شیشہ توڑکر 1.20لاکھ روپے مالیت کا ایک لیپ ٹاپ اور 10ہزار روپے مالیت کا ایک موبائل فون چوری کیا گیا ہے۔اس سلسلے میں کار کے مالک جوکو کے کے نے اڈپی ٹاؤن پولیس اسٹیشن میں شکایت درج کروائی ہے۔

 کاروں کے شیشے توڑکر قیمتی اشیاء اڑانے اور خواتین کے گلے سے سونے کے زیورات اڑالیے جانے کے متعدد واقعات سامنے آنے کے بعد منگلورو بندر پولیس اسٹیشن کے افسران نے ہمپن کٹا، سینٹرل مارکیٹ اور دیگر علاقوں میں پولیس جیپ میں لگے ساونڈ سسٹم کے ذریعے عوام کو ہدایات دیں ہیں کہ وہ احتیاط برتیں اور چور اچکوں سے ہوشیار رہیں۔


Share: